کوئٹہ: (جیو ڈیسک) گورنر بلوچستان ذوالفقار مگسی نے وزیراعلی بلوچستان کو صوبے میں فرقہ ورانہ دہشت گردی میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاملات ہاتھ سے نکلتے جا رہے ہیں اور صوبائی حکومت بدامنی پر قابو پانے کیلئے کوئی اقدامات نہیں کر رہی۔ گورنر ہاؤس میں ہزارہ قبیلے کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہاکہ صوبائی حکومت اپنی ذمہ داری پوری نہیں کر رہی۔ اسلئے لوگ اپنوں کی لاشیں اٹھارہے ہیں۔
انہوں نے وفد میں شامل صوبائی وزراء پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے کہا کہ جب ذمہ داری ادا نہیں کر سکتے تو اتنی بڑی کابینہ کا کیا فائدہ ہے۔ پچاس وزیر ہیں جو ایک دوسرے پر تنقید کرتے رہتے ہیں۔ عجیب حکومت ہے، حکومتیں اس طرح نہیں چلتیں جیسے چلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ وزراء عوام سے ووٹ لے کر تو آ گئے لیکن پیچھے بھی دیکھیں کہ عوام کس حال میں ہیں۔ وزیر اعلیٰ فرقہ ورانہ دہشت گردی کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کریں ورنہ خانہ جنگی شروع ہو سکتی ہے۔ لوگوں کو کھلے عام قتل کرنا ناقابل برداشت ہے۔