پاکستان : (جیو ڈیسک)سی پی ایل سی سربراہ احمد چنائے کا کہنا ہے کہ قزاقوں کو بیس اپریل تک مجموعی طور پر بتیس کروڑ روپے اخراجات کی مد میں دینے ہیں ،جس میں سے سولہ کروڑ پاکستان جبکہ بقیہ رقم جہاز کا مالک مسٹر امید اور دیگر ممالک ادا کریں گے۔سترہ ماہ سے قزاقوں کی قید میں بحری جہاز ایم وی البیڈو کی رہائی کے لیے قزاقوں نے بیس اپریل کی ڈیڈ لائن دی ہے۔ احمد چنائے کا کہنا ہے کہ پچاس ڈالر فی دن اور فی فرد کے حساب سے اخراجات طے کیے گئے ہیں ، انھوں نے کہا کہ وہ ملائشئین حکومت سے بات چیت کے لیے آئندہ ہفتے ملائیشیا روانہ ہو رہے ہیں۔
دوسری جانب بحری جہاز کے عملے کی رہائی کے لیے جمع کیے جانے والے فنڈ کپتان کی اہلیہ مسز شہناز اور فرسٹ آفیسر مجتبی کی اہلیہ مسز نیلم کے مشترکہ اکاؤنٹس میں جمع کرائی جا سکتی ہے۔ جبکہ کپتان جواد سلیم کی بیٹی دبئی میں فنڈ جمع کرنے کے لیے مہم چلا رہی ہیں۔ادھر سترہ ماہ سے کرب میں زندگی گزارنے والی مغویوں کے اہلخانہ نے مشکل گھڑی میں رقم جمع کرنے کے لیے قوم سے مدد کی اپیل کردی ہے۔