ضلع بھمبر کی فضاء کو خون آلود ہونے سے بچانا سیاسی عمائدین اور سول سوسائٹی سمیت سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے

بھمبر( ڈسٹرکٹ رپورٹر) ضلع بھمبر کی فضاء کو خون آلود ہونے سے بچانا سیاسی عمائدین اور سول سوسائٹی سمیت سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے حلقہ سماہنی کے بعد بھمبر میں اٹھنے والے واقعات کے تدارک کیلئے سیاسی رہنما صبر و تحمل اور سیاسی سوجھ بوجھ کا مظاہرہ کریں ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی برطانیہ کے جائنٹ سیکرٹری چوہدری محمد شبیر آف گائیاں نے کیا انہوں نے کہاکہ بھمبرکچہری میں رونما ہونیوالے افسوسناک واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے حلقہ بھمبر کی سیاسی قیادت پر زور دیا ۔

کہ وہ جذبات کے بجائے سیاسی سوچ اور فکر سے حالات کو کنٹرول کریں اور دونوں حریف چوہدری انوارالحق اور چوہدری طارق فاروق کے علاوہ راجہ ذوالقرنین اور ڈاکٹر انعام الحق اپنے آباؤ اجداد کے سیاسی اصولوں کو اپناتے ہوئے اصول، دیانت اور شرافت کی سیاست کو فروغ دیں بلاشبہ چوہدری طارق فاروق اور چوہدری انوارالحق حلقہ بھمبر کی عوام میں اپنا اثرو رسوخ رکھتے ہیں اور اپنے ووٹروں کے تحفظ کی ذمہ داری بھی ان پر عائد ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ بھمبر میں ماضی کی سیاسی قیادت جن میں چوہدری صحبت علی، حاجی محمد یوسف مرحوم، چوہدری محمد اشرف مرحوم ، راجہ ذوالقرنین خان نے سیاسی روایات کو بحال رکھا اور نہ صرف اپنے کارکنوں کی عزت نفس کو مجروع ہونے سے بچائے رکھا بلکہ عوام علاقہ کی فلاح و بہود کے بھی کام کئے انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ہار جیت ہوتی رہتی ہے ۔

جس طرح چوہدری انورالحق نے اپنی شکست تسلیم کرتے ہوئے چوہدری طارق فاروق کو مبارکبا د دی اس سے نہ صرف حلقہ بھمبر بلکہ پورے آزاد کشمیر میں بہت تاثر قائم کیا گیا اور بھمبر کی سیاسی قیادت کے صبر تحمل اور جذبہ کی تعریف بھی کی گئی انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت بھمبر کی سیاسی روایات کو بحال رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے جذبات اور انتہا پسندی سے عوام علاقہ کی کوئی خدمت نہیں ہو گی ضلع بھمبر کی انتظامیہ بھی بلا تفریق حالات کو سدھارنے کیلئے اپنا فریضہ سر انجام دے انہوں نے کہا کہ انہیں قوی امید ہے کہ بھمبر کے حالات کو ابتر ہونے سے قبل ہی چوہدری انوارالحق اور چوہدری طارق فاروق سنبھالا دینگے اور اپنے سیاسی اختلافات کو بالا ئے طاق رکھتے ہوئے پورے بھمبر میں اپنا اثر رسوخ استعمال کرتے ہوئے حالات کو بہتر بنائینگے۔