ضلع گجرات کو لائسنسی اور غیر لائسنسی ہر قسم کے اسلحہ سے پاک کرنے کا فیصلہ
Posted on November 30, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات (جی پی آئی)ضلع گجرات کو لائسنسی اور غیر لائسنسی ہر قسم کے اسلحہ سے پاک کرنے کا فیصلہ ، اسلحہ کی نمائش پر پابندی لگا دی گئی دشمنیوں والے بھی اسلحہ لیکر گھوم پھر نہ سکیں گے ، ایس پی شہزاد بخاری کی پریس کانفرنس ، تفصیلات کے مطابق ایس پی شہزاد بخاری نے گزشتہ روز اپنے آفس میں پر ہجوم پریس کانفرنس کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ ماہ دسمبر کے آغاز سے ضلع گجرات میں اسلحہ کے خلاف بڑا کریک ڈائون کیا جا رہا ہے اور ضلع کو ہر قسم کے اسلحہ سے پاک کر دیا جائے گا ، ضلع گجرات کو اسلحہ سے پاک کرنے کے لئے حکمت عملی طے کر لی گئی ہیں ، ضلع بھر سے پولیس آفیسران ، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو اسلحہ کی نمائش کرنے والوں کے خلاف دہشت گردی کے مقدمات درج کرنے کا احکامات جاری کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلع گجرات کو اسلحہ سے پاک کرنا میرا مشن ہے ، آئندہ دشمنی والے بھی اسلحہ اور اسلحہ بردار گن مین لیکر گاڑیوں میں نہیں گھوم پھر سکیں گے ، دشمنی والے افراد اپنے گھروں سے باہر نہ نکلیں بلکہ وہ جن اشتہاریوں کا انہیں خوف ہے وہ ان کے بارے مجھے اطلاع کریں الحمد اللہ گزشہ ایک ماہ کے دوران 900اشتہاریوں کو گرفتار کیا گیا ہے ، اس وقت ضلع گجرات میں ایک بھی ٹاپ ٹین اشہتاری موجود نہیں ہے جو عوام کے جان و مال کے لئے خطرہ ہو اور نہ ہی کوئی اغواء برائے تاون کا گینگ باقی رہا ہے ، ایس پی شہزاد بخاری نے کہا کہ ضلع کو اسلحہ سے پاک کرنے کے لئے ڈیروں پر بھی چھاپے مارے جائیں گے۔
گن مینوں کے پاس موجود اسلحہ بھی چیک کیا جائے گا ناکوں پر بڑی گاڑیوں کو خصوصی طور پر چیک کرنے کے احکامات جاری کر دئیے ہیں ، آئندہ ناکہ سے کوئی بھی گاڑی بغیر چیکنگ کے نہیں گزرے گی ، گاڑیوں میں اسلحہ لیکر گھومنے والے افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی ، اسلحہ کلچر کو ضلع گجرات کا سٹیٹس سمبل نہیں بننے دیں گے جو لوگ اسلحہ کلچر کے ذریعے خوف و ہراس پھیلاتے ہیں انہیں نشان عبرت بنا دیا جائیگا ، ایس پی شہزاد بخاری نے بتایا کہ اسلحہ شاپس پر بھی چھاپے مارے جائیں گے اور اسلحہ کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث اسلحہ شاپس مالکان کے خلاف مقدمات درج کیے جائیں گے ، شادی بیاہ پر فائرنگ کرنے کی کسی کو اجازت نہ ہو گی ، اگر کسی شادی تقریب میں اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا تو متعلقہ ایس ایچ او کو موقع پر معطل کر دیا جائیگا ، انہوں نے کہا کہ یہ بڑے افسوس کی بات ہے کہ ضلع گجرات میں نماز جنازہ کے موقع پر بھی کچھ لوگ اسلحہ بردار لیکر گھومتے پھرتے آتے ہیں۔
ایسے لوگوں کو اسلحہ لیکر گھومنے کی اجازت نہیں ہو گی انہیں اسلحہ برادران سمیت گرفتار کر لیا جائیگا ، ایس پی شہزاد بخاری نے بتایا کہ ضلع گجرات انتہائی ٹف ضلع ہے ، جہاں خاندانی دشمنیاں بہت زیادہ ہیں ، خاندانی دشمنیوں کے خاتمہ کے لئے پولیس خصوصی کام کر رہی ہے ، مصالحتی کمیٹیوں کو متحرک کر دیا گیا ہے ، اور ضلع گجرات کی خاندانی دشمنیوں کی صلح اور راضی نامے کروائے جائیں گے ، اسلحہ کی نمائش کو روکنے اور گجرات کو اسلحہ سے پاک کرنے کے لئے خود بھی ناکے لگائوں گا اور ضلع بھر میں چھاپے ماروں گا کوئی بااثر شخص بھی اس مہم سے نہ بچ سکے گا ہر کسی کے خلاف بلا امتیاز کاروائی ہو گی۔