اسلام آباد : پنجاب اسمبلی کے حلقہ دو سو بیس کے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کے امیدوار کی کامیابی کو پی پی اور ق لیگ نے مسترد کردیا۔ دونوں جماعتوں کے ارکان آج اسمبلی کے اجلاس میں احتجاج کریں گے۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج سہ پہر ہورہا ہے۔ توقع ہے کہ آج کے اجلاس میں گزشتہ روز ساہیوال میں ہونے والے ضمنی انتخاب کی بازگشت زیادہ زور و شور سے سنائی دے گی۔ انتخابات میں ہارنے کے بعد دھاندلی کا الزام عائد کرنا پاکستان میں کوئی نئی بات نہیں ہے۔ سو گزشتہ روز ہارنے والی جماعتوں کے رہنماوں نے بھی یہی کیا ہے اور انتخابی نتائج مسترد کرتے ہوئے آج پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں احتجاج کا اعلان کیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ ن کے امیدوار خضر حیات کھگہ نے چالیس ہزار ایک سو پچاسی ووٹ حاصل کر کے واضح برتری سے کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ حریف مسلم لیگ ق اور پیپلز پارٹی کے مشترکہ امیدوار مظفر شاہ کھگہ اکیس ہزار ایک سو پانچ ووٹ حاصل کر سکے ہیں۔ گزشتہ روز پولنگ مجموعی طور پر پرامن رہی تھی۔ تاہم دو پولنگ اسٹیشنوں پر امیدواروں کے حامیوں میں لڑائی کی وجہ سے پولنگ کچھ دیر کے لئے رکی رہی تھی۔