افغانستان کے نائب وزیر خارجہ جاوید لودن نے عالمی برداری سے اپیل کی ہے کہ طالبان سے امن مذاکرات میں مدد کی جائے، عسکریت پسندوں کے ملک یا بیرون ملک دفتر کھلنے سے قیام امن میں مدد ملیگی۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں افغانستان پر بحث کے دوران نائب وزیرخارجہ جاوید لودن نے کہا کہ حملوں کے باوجود افغان حکومت طالبان اور دیگر سے امن مذاکرات کیلئے تیار ہے۔ لودن نے کہاکہ طالبان کا دفتر افغانستان سمیت کہیں بھی کھلے اس سے عسکریت پسندوں کے نمائندوں کا تعین ہوگا اور ان سے مذاکرات کرنا آسان ہوگا۔ افغانستان کے نائب وزیر خارجہ نے اپیل کی کہ افغانستان میں دیگر دہشتگرد گروپوں سے مذاکرات میں پاکستان کا تعاون درکار ہے۔ بحث میں حصہ لیتے ہوئے افغانستان میں اقوام متحدہ امن مشن کے سربراہ ہروی لادسوس نے کہا کہ دوہزار چودہ میں اتحادی فوج کے انخلا کے باوجود اقوام متحدہ کا امن مشن افغانستان میں قائم رہے گا۔