وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ڈاکٹر طاہر القادری چالیس لاکھ لوگوں کو اسلام آباد لانے میں ناکام رہے ہیں، وہ ہار گئے ہیں اپنی شکست تسلیم کرلیں۔ لانگ مارچ کے فضائی جائزہ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہنا تھاکہ لانگ مارچ میں 25 ہزارسے زیادہ لوگ نہیں۔
رحمان ملک کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کو بتانا چاہیئے کہ لانگ مارچ کیلئے رقم کہاں سے آئی جبکہ اطلاعات کے مطابق لانگ مارچ کے شرکا پر فی کس چار ہزار روپے خرچ آرہا ہے۔ انھوں نے کہاکہ اشتہارات کی مد میں خرچ ہونے والی رقم کا فگر وہ جلد میڈیا کے سامنے لائیں گے۔
انھوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے بھی لانگ مارچ کے اخراجات جاننے کے حوالے سے تحریک منہاج القرآن کو نوٹس دیا ہے جبکہ طاہر القادری کی بیرون ملک مالی حیثیت جاننے کیلئے تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں رحمان ملک کا کہنا تھا کہ لانگ مارچ کو غیر معمولی سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔