لاہور(جیوڈیسک) مخدوم احمد محمود نے گورنر پنجاب کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا۔تقریب حلف برداری میں وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے بھی شرکت کی۔
گورنر ہاؤس لاہور میں منعقدہ تقریب میں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عمر عطا بندیال نے مخدوم احمد محمود سے حلف لیا۔تقریب میں سیاسی جماعتوں کے نمائندے ریٹائرڈ اور حاضر سروس بیورو کریٹ ،غیر ملکی سفارتکار اور مسلح افواج کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔مسلم لیگ ہم خیال کے رہنما ہمایوں اختر ،پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر منظور وٹو ،اسپیکر رانا اقبال ،وزیر قانون رانا ثنا اللہ ،اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی راجہ ریاض، آئی جی پنجاب حبیب الر حمان ،تنویر اشرف کائرہ ،عبد القادر گیلانی ،جماعت اسلامی پنجاب کے امیر ڈاکٹر وسیم اختر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
وزیر اعلی پنجاب جیسے ہی گورنر ہاوس پہنچے تو مخدوم احمد محمودنے خود انکا استقبال کیا اور اپنے ہمراہ لیکر گئے۔ا س موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نئے گورنر پنجاب نے کہا کہ صدر زرداری کی توقعات پر پورا اتروں گا lاور پنجاب حکومت کو میری معاونت حاصل رہے گی۔
انہوں نے کہا طاہر القادری کو اپنے عقیدت مندوں کو امتحان میں نہیں ڈالنا چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت سے اچھے تعلقات ہیں ۔نواز شریف بڑی پارٹی کے سر براہ ہیں جلد ہی ان سے بھی ملاقات کروں گا۔