پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے یونی فکیشن بلاک کے پارلیمانی لیڈر طاہرعلی جاوید کے بیان کے خلاف میں تحریک استحقاق جمع کرادی ہے۔ تحریک استحقاق پیپلز پارٹی کے ایک سو آٹھ اور مسلم لیگ ق کے انتیس ارکان کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے، جس میں طاہر علی جاوید کے بیان پر بحث کے لئے استدعا کی گئی ہے۔ تحریک میں کہا گیا کہ ڈاکٹر طاہر علی جاوید کے بیان سے ایوان کا تقدس مجروح ہوا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت بسرا نے کہا کہ وزیراعلی پنجاب ڈینگی مچھر سے زیادہ خطرناک ہیں، اسمبلی توڑنے کی سازش رائیونڈ میں تیار ہوئی، چیف جسٹس معاملہ کا از خود نوٹس لے کر ڈاکٹر طاہر علی جاوید کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرائیں۔ سیمل کامران نے کہا کہ ڈاکٹر طاہر علی جاوید مسلم لیگ ق کے غدار ہیں، مسلم لیگ ن جمہوری جماعت ہے تو تجویز کی وضاحت کرے، مسلم لیگ ن کے پارلیمانی لیڈر رانا ارشد نے کہا کہ طاہر علی جاوید کی ذاتی رائے ہے، قیادت جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتی۔