کراچی (جیوڈیسک) وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے ایک بار پھر کہا ہے کہ طاہر القادری کی جان کو خطرہ ہے ایسے ٹھوس شواہد ہیں کہ ان پر حملہ ہو گا۔ حکومت انہیں گھر سے جلسہ گاہ لانے اور گھر واپس لے جانے کیلئے ہیلی کاپٹر دینے کو تیار ہے۔
ایئرپورٹ پر بات چیت میں رحمان ملک نے کہا کہ طاہر القادری نے لانگ مارچ کیلئے اب تک حکومت سے این او سی کیلئے رابطہ نہیں کیا۔ وہ قانون کی پاسداری کی بات کرتے ہیں اور انہیں معلوم ہے کہ قانون توڑنے پر کیا ہوتا ہے لیکن وہ خود اس پر عمل نہیں کر رہے۔ حکومت کے پاس تمام آپشن موجود ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کا لانگ مارچ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ قابل ستائش ہے امید ہے طاہر القادری بھی جلد ایسا ہی فیصلہ کر لیں گے۔ رحمان ملک نے کہا کہ طاہر القادری کا اسلام آباد میں پڑا لاکھوں لوگوں کو لانے کا اعلان صلیبی جنگوں کا سا منظر پیش کر رہا ہے۔ قوم پوچھ رہی ہے کہ طاہر قادری نے لندن اور دبئی میں کن لوگوں سے ملاقاتیں کیں ان کے پاس پیسہ کہاں سے آ رہا ہے۔