بھارت کے نمبرایک فاسٹ بولر ظہیرخان مکمل فٹنس کے ساتھ آئندہ ماہ آسٹریلیاکے دورے پر ٹیم کے ساتھ جانا چاہتے ہیں۔ ظہیرخان ہیمسٹرنگ اورٹخنے کی انجری کی وجہ سے کئی ماہ سے کرکٹ سے دور ہیں۔فٹنس کی بحالی پر ظہیرخان نے پریکٹس کا آغاز کر دیاہے اوردورئہ آسٹریلیا سے قبل ڈومیسٹک میچ کھیل کر سلیکٹرز کو فٹنس کا ثبوت دینا چاہتے ہیں۔ لیفٹ آرم فاسٹ بولر ظہیرخان کا کہنا ہے کہ انہوں نے بولنگ پریکٹس شروع کردی ہے اور روزانہ نیٹ پردو سیشن میں بولنگ کرتے ہیں۔دوہفتے میں پریکٹس کے دوران انہیں کوئی تکلیف نہیں ہوئی۔ آسٹریلیا کے دورے سے قبل میچ فٹنس کے حصول کیلئے وہ رانجی ٹرافی کے میچز میں شرکت کریں گے۔ ظہیر خان نے کہا کہ حالیہ میچوں میں نوجوان ورون ارون اور امیش یادیو کی کارکردگی بہت شاندار رہی نوجوان فاسٹ بولرز کو انکے تجربے سے فائدہ پہنچے گا۔