عاشقان رسول صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کیلئے توہین رسالت صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم ناقابل برداشت ہے۔پیر احسان الحق نقشبندی

فیصل آباد : توہین رسالت صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم ،انبیاء کرام ،امہات المومنین اور صحابہ کرام کے بارے میں گستاخانہ امریکی فلم کیخلاف امیر تنظیم مشائخ عظام پاکستان صوفی مسعوداحمدصدیقی کی زیر قیادت لاثانی سیکرٹیریٹ سے عظیم الشان پرامن ”تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم ریلی ”نکالی گئی۔ریلی میں علماء مشائخ سمیت ہر طبقہ فکر سے لوگوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ریلی غلام رسول نگر سے فوارہ چوک،گیٹوں والا چوک،سلیمی چوک،جھال خانوآنہ،جی ٹی ایس چوک،ضلع کونسل ہال،پریس کلب سے ہوتی ہوئی چوک گھنٹہ گھر پہنچی ۔

صوفی مسعوداحمدصدیقی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حکومت پاکستان تمام اسلامی ممالک سمیت پاکستان بھر سے مختلف مکاتب فکر کے جیدعلما ومشائخ کوبلاکر توہین رسالت صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم ،توہین انبیاء کرام ،توہین امہات المومنین اورتوہین خلفائے راشدینکرنیوالے افراد ،گروہوں اور جماعتوں کیخلاف قانون سازی اورعمل درآمد کروانے کیساتھ ساتھ مغربی ممالک میں بھی اس کے نفاذ کویقینی بنانے میں موثر کردار اداکرے۔سیدالانبیاء صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی توہین کرنیوالے ملعون ،قاتل اور عالمی دہشت گرد ہیں ۔آج امت مسلمہ آقائے کل حضور نبی کریم روف الرحیم صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کے اسوہ حسنہ سے دوری کی وجہ سے پوری دنیا میں رسوا ہورہی ہے۔اب بھی وقت ہے کہ اپنا تعلق اپنے آقا صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم سے مضبو ط کریں ۔
دیگر مقررین میں پیر طریقت احسان الحق نقشبندی نے کہا کہ عاشقان رسولصلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کیلئے توہین رسالت صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم ناقابل برداشت ہے اس کاسختی سے نوٹس لیا جانا چاہیے۔پیر لیاقت علی نقشبندی نے کہا کہ اقوام متحدہ مذاہب عالم بالخصوص اسلام اور بانی اسلام صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی توہین کیخلاف سخت سے سخت قوانین بنائے تاکہ آئندہ کسی ملعون کوایسی ناپاک جسارت کرنے کی جرات نہ ہو۔پیر محمد ناصر علی گل نقشبندی نے کہا کہ آقا صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی سیرت وکردار کواپنا کرہی ہم اپنی زندگیوںمیں حقیقی انقلاب برپا کرسکتے ہیں۔

بیرون ممالک کیساتھ ساتھ اندرون ممالک سے بھی گستاخوں کاقلع قمع ہونا چاہیے۔پیر مختار احمد نقشبندی نے کہا کہ گستاخانہ فلم کھلم کھلا دہشت گردی ہے جس سے کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے ۔ایسے دہشت گردوںکیخلاف دہشت گردانہ قوانین کے تحت سزادی جانی چاہیے۔پیر مشتاق احمد نقشبندی نے کہا کہ شرانگیز فلم انسانیت پر اس صدی کاسب سے بڑا حملہ ہے۔پیر سید احمد ندیم نقشبندی نے کہا کہ مسلم دنیا کے حکمران مغرب کیساتھ بامقصد مذاکرات کوفرو غ دیںتاکہ آنیوالے نسلوںکوامن وسلامتی کاپیغام دیا جاسکے۔محمد ریحان نقشبندی نے کہا کہبین المذاہب ہم آہنگی کے ذریعے مذاہب عالم کے درمیان نفرتوںکو کم کرکے امن کوفروغ دیا جاسکتاہے۔

پیر صوفی نذیر حسین نقشبندی نے کہا کہاقوام متحدہ نے توہین رسالت صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم پر قانون سازی نہ کی تو دنیا کوتیسری عالمی جنگ سے نہیں بچایا جاسکے گا۔پیر رانا محمد طاہر نقشبندی نے کہاکہ حضور صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم سے عشق ومحبت سے ارضی وسماوی آفات وبلیات دورہوجاتی ہیںکیونکہ یہی تو وہ ہستی ہیں جن کے تصدق او رتوسل سے نظام حیات چل رہاہے۔شرکاء ریلی نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھارکھے تھے جن پر ان ملعونوںکیخلاف فوری ایکشن لینے ،امت مسلمہ کے اتحاد ،اقوام متحدہ کوفوری قانون سازی کرنے بارے تحریریں درج تھیں۔ریلی میں بین المذاہب امن اتحاد پاکستان ،لاثانی ویلفیئر فائونڈیشن انٹرنیشنل،آل پاکستان صوم وصلوٰة کمیٹی اور ماہنامہ لاثانی انقلاب انٹرنیشنل کے مرکزی اراکین سمیت امیران حلقہ نے اپنے اپنے علاقوںسے قافلوںکی قیادت کرتے ہوئے بھرپور شرکت کی۔

ریلی کے اختتام پر سیدالانبیا صلی اللہ علیہ واٰلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت اور درودوسلام کے نذرانے پیش کرنے کی سعادت حاصل کی گئی۔