عالمی تنظیم اہلسنت یکم اکتوبر کو گجرات تا لاہور لانگ مارچ کریگی: پیر محمد افضل قادری کا اعلان
Posted on September 29, 2012 By Geo Urdu گجرات, لاہور
گجرات لاہور( شہزاد قادری)گستاخانہ امریکی فلم کیخلاف اور بین الاقوامی سطح پر تاحال انسداد توہین انبیاء کے سلسلہ میں قانون سازی نہ ہونے پر عالمی تنظیم اہلسنت کی اپیل پر ملک بھر میں یوم احتجاج منایا گیا، علماء کرام نے مذمتی قرار دادیں منظور کروائیں اور کثیر مقامات پر احتجاجی مظاہرے اور جلسے جلوس نکالے گئے۔ امیر عالمی تنظیم اہلسنت پیر محمد افضل قادری نے فوارہ چوک گجرات میں زبردست احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک بین الاقوامی سطح پر توہین انبیاء کے انسداد کیلئے قانون سازی نہیں ہوتی امت مسلمہ احتجاج جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں عالمی تنظیم اہلسنت یکم اکتوبر کو نیک آباد گجرات تا پریس کلب لاہور بائی روڈ عظیم الشان ”لبیک یارسول اللہ ریلی” چلائے گی۔ راستہ کے تمام شہروں میں جلسے ہوں گے اور اختتامی جلسہ لاہور میں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ”یوم عشق رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم ” پر ملک بھر کے ہزاروں پر امن جلسے جلوسوں کو چھوڑ کر چند غلط حرکات کو بے تحاشا اجاگر کرنے والوں نے تحریک ناموس رسالت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ہے۔
تحقیقی کی جائے کہ ایسا کس کے اشارے پر ہوا ہے۔ مقررین نے کہا کہ شیطان پادری ٹیری جونز، گستاخانہ فلم کے تمام کردار اور انکے معاونین کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ یہ سب سے بڑے دہشت گرد ہیں، حکومت ان شاتمین رسالتۖ کو پاکستان کے حوالہ کرنے کا مطالبہ کرے۔ علماء نے عالم اسلام کے حکمران سے مطالبہ کہا کہ وہ یو این او میں تمام پیغمبروں اور کتب سماویہ کی توہین کے انسداد کیلئے قانون سازی کروائیں بصورت دیگر یو این او سے علیحدہ ہو کر اسلامی بلاک بنائیں۔
اس موقع پر صاحبزادہ غلام بشیر نقشبندی، مولانا شاہد چشتی، فیاض ہاشمی، مولانا نقیب چشتی، مولانا طیب جلالی، مولانا علی اصغر ودیگر نے خطاب کیا۔