عالمی شہرت یافتہ موسیقار و گلوکار اے آر رحمن کی آج 47 ویں سالگرہ

A R Rahman

A R Rahman

ممبئی(جیوڈیسک) ممبئی این جی ٹی بالی وڈ کے عالمی شہر ت یافتہ موسیقار و گلوکار اللہ رکھا رحمن المعروف اے آر رحمن 6 جنوری کو 47 برس کے ہوجائیں گے۔ 6 جنوری 1966 کو بھارتی ریاست تامل ناڈو کے دارالحکومت چنائے میں ایک موسیقار گھرانے میں پیدا ہونے والے اے آر رحمن نے 1992 میں ہدایت کار مانی رتنم کی تامل فلم راجو سے اپنے فلمی کیرئیر کا آغازکیا جس پر نہ صرف انہیں بہترین میوزک ڈائریکٹر کا ایوارڈ بلکہ حیرت انگیز طور پربہترین میوزک ڈائریکٹر کا نیشنل فلم فیئر ایوارڈ بھی دیا گیا۔

کامیاب شروعات کے ساتھ ہی اے آر رحمن پر فلم انڈسٹری کے دروازے کھل گئے جس کے بعد انہوں نے رام گوپال ورما کی ہندی فلم رنگیلا سے ہالی وڈ فلمSlumdog Millionaire تک کے سفر میں سینکڑوں تامل، ہندی و دیگر فلموں کی دھنیں ترتیب دینے کے ساتھ ساتھ اپنی آواز کا جادو بھی جگایا۔بالی ووڈ انڈسٹری میں لاتعداد ایوارڈز حاصل کرنے والے اے آر رحمن کو ہالی ووڈ فلمSlum Dog Millionaire کا سانڈ ٹریک ترتیب دینے پر گولڈن گلوب ایوارڈ اورآسکر ایوارڈ سے نوازا گیا جو اس سے قبل کسی بھارتی آرٹسٹ کو حاصل نہیں ہوا۔

اے آر رحمن کو جہاں 2009 میں دنیا کی بااثر شخصیات کی فہرست میں شامل کیا گیا وہیں2011 میں برطانوی میگزین کی جانب سے انہیں آنے والے دور کے میوزک آئکونز میں شامل کیا گیا۔2010 میں ورلڈ اکنامک فورم کے لائف ٹائم اچیومنٹ کے کرسٹل ایوارڈ اور بھارت کے تیسرے اور چوتھے بڑے سویلین اعزاز پدما بھوشن اور پدما شری کے حقدار ٹھہرائے جانے والے اے آر رحمن کو اب تک کئی ملکوں کی یونیورسٹیز کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی سند سے بھی نوازا جاچکا ہے۔