لندن : (جیو ڈیسک) پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کے حریف امریکا کے لیمونٹ پیٹرسن کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے سے انیس مئی کو لاس ویگاس میں شیڈول ری میچ خطرے میں پڑگیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی باکسر لیمونٹ پیٹرسن نے رضاکارانہ طور پر ڈوپ ٹیسٹ دیا جسکا رزلٹ مثبت رہا ہے اگر انکے ڈوپ ٹیسٹ کا یہی نتیجہ رھا تو وہ عامر خان سے چھینے گئے ڈبلیو بی اے اور آئی بی ایف ٹائٹلز سے محروم ہو جائینگے۔
امریکی باکسر کے ترجمان کا کہنا ہے کہ لیمونٹ پیٹرسن کا کبھی بھی ٹیسٹ مثبت نہیں آیا ہے اور نہ ہی یہ ثابت ہوا کے وہ ممنوعہ ادویات استعمال کرتے ہیں رزلٹ کے خلاف جلد اپیل داخل کی جائے گی۔
عامر خان کے پروموٹر کا کہنا ہے کہ امریکی باکسر کے ڈوپ ٹیسٹ کی خبر سے دھچکا لگا ہے جبکہ ری میچ کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔