برطانیہ : (جیو ڈیسک)پاکستانی نژاد برطانوی باکسرعامرخان 14 جولائی کو ڈینی گارشیا کے خلاف ایکشن میں نظر آئیں گے۔ ڈینی گارشیا کا تعلق امریکہ سے ہے اور اب تک وہ تمام مقابلوں میں نا قابل شکست ہیں اور انہیں ڈبلیو بی سی لائٹ ویلٹر ویٹ چیمپئن ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ آئی بی ایف اور ڈبلیو بی اے بیلٹس کے لیے عامرخان کا مقابلہ امریکی باکسر لیمونٹپیٹرسن سے ہونا تھا لیکن پیٹرسن کا ڈوپ ٹیسٹ مثبت آنے پر انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن نے 19 مئی کو ہونے والے مقابلے کو منسوخ کر دیا جس کے بعد عامر خان کو نئے حریف کی تلاش تھی اور اب عامر خان 14 جولائی کو گارشیا کے خلاف فائٹ کیلئے رنگ میں اتریں گے۔
عامر خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر نئے مقابلے کے حوالے سے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس مقابلے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گارشیا خطرناک حریف ہیں اور ان کے خلاف ٹائٹل جیتنے کیلئے وہ بھرپور تیاری کے ساتھ رنگ میں اتریں گے۔ دوسری جانب گارشیا نے کہا ہے کہ وہ عامر خان کو با آسانی زیر کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ گارشیا 23 مقابلوں میں نا قابل شکست ہیں اور 14 میں انہوں نے حریف باکسرز کے خلاف ناک آوٹ کامیابی حاصل کی۔