متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے کالاباغ ڈیم کی تعمیر کا فیصلہ ملک میں انتشار کو بڑھائے گا۔ انہوں نے یہ بات آج ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرو عزیزآباد پر رابطہ کمیٹی، ایم کیوایم کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، وکلا ، آئینی وقانونی ماہرین اورمختلف شعبہ جات کے ارکان سے ٹیلی فونک خطاب میں کہی۔
انہوں نے کہاکہ ڈیموں کی تعمیر حکومت اور پارلیمنٹ کا حق ہے اورایسے فیصلے صوبوں کی مشاور ت سے ہوتے ہیں لہذا عدالتوں کو اس طرح کے فیصلے نہیں کرنے چاہئیں۔ انہوں نے کہاکہ کالاباغ ڈیم کافیصلہ عدالتوں کا حق نہیں بلکہ صوبوں کی مشاورت سے ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ یہ فیصلہ صوبوں کے درمیان مزید انتشار پیداکرنے کا سبب بنے گا، اس سے چھوٹے صوبوں میں پولارائزیشن بڑھے گی اور اس وقت ملک کوپولارائزیشن کی نہیں بلکہ اتحاد ویکجہتی کی ضرورت ہے۔