عراقی حکومت نے مستقبل میں ملک میں امریکی فوج کی موجودگی کے حوالے سے مختلف آپشنز پر غور شروع کر دیا۔ ان آپشنز میں 31 دسمبر 2011 کے بعد عراق میں امریکی فوجیوں کی محدود تعداد رکھنے سے لے کر ملک سے امریکی فوجیوں کے مکمل انخلا تک کے آپشنز شامل ہیں۔ عراقی کابینہ کے جنرل سیکرٹری علی العلاق کے مطابق اس وقت 31 دسمبر 2011 تک امریکی فوج کے انخلا کے حوالے سے عراقی اور امریکی حکومت کے درمیان بات چیت اس معاملہ پر تعطل کا شکار ہے کہ امریکی حکومت 31 دسمبر 2011 کے بعد تعیناتی کی صورت میں اپنے فوجیوں کے لئے قانونی کارروائی سے استثنی چاہتی ہے لیکن عراقی حکومت اس کے حق میں نہیں۔