دنیائے باکسنگ میں اپنا سکہ جمانے والے عظیم باکسر محمد علی کی صحت بگڑنے لگی، ان کے بھائی کے مطابق یادداشت کم ہونے کے باعث محمد علی کی زندگی کم رہ گئی ہے۔
17 جنوری 1942 کو دنیائے باکسنگ کے لیجنڈ محمد علی نے اس دنیا میں آنکھ کھولی۔ ان کی باکسنگ مقابلوں کی تعریف کرنا سورج کو دیا دکھانے کے مترادف ہو گا۔ اگر ان کے الفاظ کو لکھا جائے تو وہ کہتے تھے۔ “Sting like a bee Float Like a butterfly , ” دی گریٹیسٹ محمد علی نے اٹھارہ سال کی عمر میں پروفیشنل باکسنگ کیرئیر کا آغاز کیا جس میں انہیں چھ راونڈ کے میچ میں ناک اوٹ کامیابی ملی۔
اس کے بعد تو جیسے ان کا باکسنگ کا ستارہ ایک آسمان سے دوسرے، پھر تیسرے اور یکے بعد دیگرے ساتویں آسمان پر چمکنے لگا۔ خوش قسمتی سے امریکی باکسر نے 61 فائیٹس میں سے 56 میں ٹائٹل اپنے نام کیے جس میں 37 ناک آوٹ کامیابیاں تھیں اور صرف پانچ میں انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔
عظیم باکسر محمد علی کو مسلسل فتوحات حاصل کرنے کے بعد باکسنگ رینکنگ میں طویل عرصے تک پہلی پوزیشن پر رہنے کا اعزاز حاصل رہا اور انہیں دنیائے باکسنگ میں بیسویں صدی کا بہترین باکسر بھی قرار دیا گیا۔