علاقائی ترقی اور عوامی سہولیات کے حوالے سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ۔ نشاط ضیاء قادری

کراچی (ارشد محمد) حق پرست اراکین اسمبلی ڈاکٹر ندیم مقبول اور نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے جاری علاقائی ترقیاتی کاموں پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے ترقیاتی منصوبوں کو مکمل نگرانی میں پایہ تکمیل تک پہنچا یا جائے علاقائی ترقی کے حوالے سے جاری منصوبوں اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات میں کسی قسم کی غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کئے بغیر عوام کے بنیادی مسائل کو حل کیا جائے ان خیالات کا اظہار حق پرست اراکین اسمبلی ڈاکٹر ندیم مقبول اور نشاط محمد ضیاء قادری نے چیف آفیسر کمال مصطفی اور دیگر بلدیاتی افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ٹاؤن کا تفصیلی دورہ کرکے ترقیاتی منصوبوں پر جاری کام اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا ۔

اراکین اسمبلی نے بلدیاتی اداروں کے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ عوامی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات کو مزید بہتر بنا ئیں اور صفائی وستھرائی و صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے تمام تر محکمانہ کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے اقدامات کئے جائیں اراکین اسمبلی نے کہاکہ قدرتی ماحول کو آلودگی سے بچانے اور صاف ستھرے سرسبز و صحت مند ماحول کے قیام کے حوالے سے عوامی شعور کی بیداری کے لئے خصوصی مہم چلا ئی جائے درختوں کی حفاظت اور اس کی آبیاری اور سرسبز ماحول کی آفادیت سے عوامی شعور کی آگہی کے زریعے ہی صحت مند معاشرے کا قیام یقینی بنا یا جاسکتا ہے۔

اس موقع پر چیف آفیسر کمال مصطفی نے حق پرست اراکین اسمبلی کو بتا یا کہ عوامی تعاون کے زریعے شاہ فیصل ٹائون میں علاقائی ترقی اور صاف ستھرے سرسبز ماحول کے قیام کو یقینی بنا یا جارہا ہے انہوں نے اراکین اسمبلی کو شاہ فیصل ٹائون میں علاقائی ترقی کے حوالے سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار اور سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ترقیاتی منصوبوں کی مکمل نگرانی کرتے ہوئے منصوبوں کو عوامی معیار کے مطابق بنایا جارہا ہے جاری ترقیاتی عمل میں عوام کا مکمل تعاون اور مشاورت شامل ہے ۔