کولمبو : (جیو ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ کولمبو ٹیسٹ ڈرا ہونے کے باوجود ٹیم کے لئے مثبت ثابت ہوا اور عمدہ کارکردگی سے کھلاڑی کے اعتماد میں اضافہ ہواہے۔
سری لنکا کے خلاف دوسرا ٹیسٹ ڈرا ہونے کے بعد پریس کانفرنس میں مصباح الحق نے کہاکہ موسم کی مداخلت نے سیریز برابرکرنے کا موقع پاکستان سے چھین لیا۔ حفیظ،اظہر علی اور توفیق عمر کی بیٹنگ ، جنید خان اور عبدالرحمان کی بولنگ میچ کے مثبت پہلو تھے اور اگر بارش مداخلت نہ کرتی تو پاکستان جیت سکتاتھا۔ ٹیم کا مورال بلندہوا ہے اور تیسرے ٹیسٹ میں عمدہ کھیل کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
سری لنکا کے کپتان مہیلا جے وردنے نے کہاکہ ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنا ایک گیمبل تھا جس نے ہمیں شکست کے خطرے سے دوچار کیا لیکن سنگاکارا ایک مرتبہ پھر نجات دھندا ثابت ہوئے۔