جمعیت علمااسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا ہے کہ مقابلہ ہمیشہ برابر کے آدمی سے ہوتا ہے عمران خان میرے ہم پلہ نہیں ہیں۔ بشام میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مذہبی جماعتیں ملک میں عدل اور انصاف کے ساتھ مذہبی نظام چاہتی ہے۔
آئندہ بھاری مینڈیٹ سے کامیاب ہو کر پاکستان میں اسلامی نظام کے قیام کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بے حیائی کے کلچر کو فروغ دے رہی ہے۔ نوجوانوں کے ہاتھوں میں قلم کی بجائے ڈھول تھما دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا اپنے دور حکومت میں خیبر پختونخوا میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔