کراچی : سابق وزیر داخلہ سندھ ذوالفقار مرزا نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین جلد ان کے ساتھ ہونگے۔ عمران خان باونڈری پر کیچ آوٹ ہوجائیں گے۔ سندھ ہائی کورٹ میں مہاجرقومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتیہوئے ذوالفقار مرزا نے کہا کہ آفاق احمد مظلوم ہیں اور وہ ان کی حمایت کرتے ہیں۔ ذوالفقار مرزا نے دعوی کیا کہ چند عہدیداروں کے سوا سندھ کی پوری قیادت ان کے ساتھ ہے اور پارٹی کے چیئرمین اور شریک چیئرمین بھی ان کے ساتھ ہونگے۔ ذوالفقارمرزا نے شاہ محمود قریشی کو لاکھوں کا پیر اور خود کو ان کے مقابلے میں بہت چھوٹا قرار دیا۔ ذوالفقار مرزا نے خدشہ ظاہر کیا کہ شاید انہیں اپنی ہی جماعت کے دور حکومت میں جیل جانا پڑجائے۔ذوالفقار مرزا نے کہا کہ وہ عمران خان کو باونسر مارتے ہوئے دیکھ رہے ہیں مگر عمران خان چھکا مارنے کی کوشش میں باونڈری پر کیچ آوٹ ہوجائیں گے۔ اس لئے وہ ان کے ساتھ نہیں کھڑے ہوسکتے۔ لندن جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب پر ذوالفقارمرزا نے کہا کہ انہیں جہاز پر بیٹھنے سے ڈر نہیں لگتا۔