پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک سے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کی سینٹ کی رکنیت ختم کرنے کا بھی مطالبہ کر دیا ہے۔ اسلام آباد سے جاری کردہ اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ رحمان ملک پہلے اپنے اوپر لگائے جانے والے الزامات کا جواب دیں۔ تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف ملک دشمنی کے الزامات سنگین ہیں جن کی انکوائری سپریم کورٹ کے جج سے کرائی جائے۔ عمران خان نے پاکستان توڑنے کے امریکی منصوبے کے حوالے سے ڈاکٹر ذوالفقار مرزا کے بیان کی بھی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا ان کا کہنا تھا کہ صدر زرداری ڈاکٹر ذوالفقار مرزا سے اپنے تعلقات کی نوعیت کو واضح کریں جبکہ حکومت اس حوالے سے تمام الزامات کا جواب دے۔