لاہور: (جیو ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نیٹو سپلائی بحالی معاملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیٹو کے بجائے احتجاج موجودہ حکمرانوں کے خلاف ہو گا۔
لاہور میں عمران خان کی رہائش گاہ پر مسلم لیگ ن کے سابق رکن قومی اسمبلی را قیصر نے پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا سونامی کسی جرنیل کی وجہ سے نہیں بلکہ موجودہ حکمرانوں سے لوگوں کی نفرت کے باعث آگے بڑھ رہا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ توانائی بحران سے نکلنے کے لیے حکمران کرپشن اور چوری پر قابو پا لیں تو مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف میں برگیڈیئر ریٹائرڈ چوہدری ممتاز، اکمل چیمہ اور اجمل چیمہ سمیت دیگر درجنوں افراد نے شمولیت کا اعلان کیا۔