نئی دہلی (جیوڈیسک) تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھارت اور پاکستان کے درمیان امن کے لیے سرحد پر سول ایٹمی پلانٹ لگانے کی منفرد تجویز پیش کی ہے۔
عمران خان نے نئی دہلی میں تقریب کے دوران پاک بھارت مشترکہ ایٹمی پلانٹ کا اچھوتا خیال پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس سول ایٹمی پلانٹ سے پاکستان اور بھارت دونوں کو توانائی فراہم کی جانی چاہئے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت کو ایسی قیادت کی ضرورت ہے جو جنگ کو مسائل کا حل نہ سمجھے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کو کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہئے۔
کرکٹ سے سیاست میں آنے والے عمران خان نے حال ہی میں ریٹائر ہونے والے بھارتی بیٹنگ آئیکون سچن ٹنڈولکر کو خوش قسمت قرار دیا کہ انہیں 70 اور 80 کی دہائی کے ویسٹ انڈین بولنگ آٹیک کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اینڈی رابرٹس، مائیکل ہولڈنگ، جوئیل گارنر، میلکم مارشل اور کولن کرافٹ جیسے خطرناک بالرز کا سامنا کرنا آسان کام نہیں تھا۔