عمران فاروق قتل: پہلی بار 2 گرفتاریوں کی تصدیق

imran farooq

imran farooq

عمران فاروق قتل کیس میں لندن پولیس نے پہلی بار 2 گرفتاریوں کی تصدیق کی ہے۔ لندن پولیس کمشنر برنرڈ ہوگن ہائو نے کہا کہ دونوں ملزمان کو پاکستان سے گرفتار کیا گیا ہے۔
کمشنر لندن پولیس نے میڈیا کو بتایا کہ قاتلوں کو لندن کی سڑکوں پر آزاد نہیں گھومنے دیں گے، پاکستان اور برطانیہ مل کر ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران فاروق  کیس پر ترجیح بنیادوں پر کام کیا جارہا ہے۔
یاد رہے کہ سولہ ستمبر دو ہزار دس کو لندن میں دن دہاڑے قتل ہونے والے ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قاتلوں کی اطلاع دینے والے کیلئے لندن پولیس نے بیس ہزار پانڈ کا انعام مقرر کر رکھا ہے ۔ اس سلسلے میں لندن اور پاکستان کے فون نمبرزکے علاوہ ای میل ایڈریس بھی جاری کیے گئے۔ کوئی پولیس پر بھروسہ نہ کرے تو لندن کی ایک غیرسرکاری تنظیم کو بھی خفیہ طریقے سے اطلاع فراہم کرسکتا تھا۔
اس سے قبل نودسمبر کو لندن پولیس نے ڈکیتی کے الزام میں ایک چونتیس سالہ شخص کو گرفتار کیا گیا، جس سے عمران فاروق قتل کیس سے متعلق تحقیقات بھی کی گئیں بعد ازاں یہ شخص ضمانت پر رہا ہو گیا۔ رواں سال بائیس اگست کولندن میں تین ملزمان کوحراست میں لیے جانے کی خبریں آئیں۔ یہ خبریں بھی میڈیا پر آئیں کہ دوملزمان کو سری لنکا سے واپسی پرکراچی ایئرپورٹ پہنچتے ہی حساس ادارے نے تحویل میں لے کر تفتیش کے لیے اسلام آباد منتقل کر دیا لیکن وفاقی وزیرداخلہ رحمن ملک ان خبروں کی تردید کرچکے ہیں۔