عمرگل ان فٹ، دوسرے ٹیسٹ سے قبل پاکستان کی مشکلات میں مزید اضافہ

Umar Gul

Umar Gul

کراچی(جیو ڈیسک ) دورۂ سری لنکا میں پاکستانی کرکٹ ٹیم کو پہلے ٹیسٹ میں209 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس بڑے مارجن سے شکست کے بعد سے ٹیم کی مشکلا ت بڑھ رہی ہیں۔

پاکستان کے فاسٹ بولر عمرگل ان فٹ ہوگئے ہیں امکان ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں ان کی جگہ محمد سمیع یا اعزاز چیمہ کو کھلایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر گل ٹخنے کی انجری کا شکار ہوئے ہیں۔

جمعرات کو پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران انہوں نے بولنگ کرنے کی کوشش کی لیکن وہ ردھم سے بولنگ کرنے میں ناکام رہے۔ پاکستانی ٹیم جسے سیریز میں ایک صفر کے خسارے کا سامنا ہے۔ اس کے لیے سیریز میں واپس آنے کے لیے یہ ٹیسٹ جیتنا ضروری ہے۔

پاکستان ٹیم میں دوسرے ٹیسٹ کی ٹیم میں دو تبدیلیوں کا امکان ہے۔ کپتان مصباح الحق کو محمد ایوب ڈوگرکی جگہ ملنے کا امکان ہے۔ جبکہ عمرگل کی جگہ سمیع یا اعزاز چیمہ کھیلیں گے۔

سری لنکا نے زخمی چناکا ویلا گیدرے کی جگہ دلہارا فرنینڈوکوشامل کیا ہے۔ پاکستان ٹیم کے منیجر نوید اکرم چیمہ نے کہا کہ عمرگل کی میچ میں شرکت کا فیصلہ ہفتے کو میچ سے قبل کیا جائے گا۔

اگست 2009میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں سیریزدوصفر سے جیتی تھی۔ سنہالیز اسپورٹس کلب سری لنکا کا پسندیدہ گراؤنڈ ہے اس گراؤنڈ پر سری
لنکا2004 سے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں ہارا ہے۔ 2004کے بعد سے یہاں سری لنکا نے گیارہ میں سے چھ ٹیسٹ میچ جیتے ہیں۔