عوام غیرملکی کرنسی کی جعلی انعامی اسکیموں سے ہوشیار رہیں

State Bank

State Bank

اسٹیٹ بینک(جیوڈیسک) اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے عوام کو خبردار کیا ہے کہ بعض عناصر کی جانب سے شروع کی ہوئی جعلی اسکیموں سے گمراہ نہ ہوں جن میں غیرملکی کرنسی میں بھاری نقد انعامات جیتنے کی جھوٹی خوشخبری دی جا رہی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے علم میں یہ اطلاع آئی ہے کہ ٹیلیفون کالز ویب میل سروسز ایس ایم ایس عام ڈاک کے ذریعے سے عام افراد سے رابطہ کر کے یہ جھوٹا دعوی کیا جا رہا ہے کہ انہوں نے غیر ملکی کرنسی میں بھاری نقد انعامات جیت لیے ہیں۔ دھوکہ باز گروہ متوقع انعامی رقم کے وصول کنندگان کی طرف سے ریمی ٹنس سہولت مہیا کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے فارن ایکسچینج ڈپارٹمنٹ کے جعلی درخواست فارم فراہم کرتے ہیں۔ جن لوگوں کو ہدف بنایا جاتا ہے ان سے کچھ ابتدائی کلیئرنس واجبات بھی ادا کرنے کا مطالبہ کیا جاتا ہے جو بقول ان کے فنڈ رجسٹریشن چارجز فیس کی مد میں وزارت خزانہ میں جمع کرانے ہوتے ہیں۔ یہ لوگ خود کو اصلی ثابت کرنے کے لیے دھوکہ دہی سے غیرملکی سفارتخانوں، سفارتکاروں، کارپوریٹس، اسٹیٹ بینک کے فارن ایکسچینج ڈپارٹمنٹ کے نام اور جعلی ای میل پتے استعمال کر رہے ہیں۔

اسٹیٹ بینک نے نہ تو ایسا کوئی درخواست فارم تیار کیا ہے اور نہ ہی اس کا اس قسم کی اسکیموں سے کوئی تعلق ہے۔ اسٹیٹ بینک نے ایک بار پھر عوام کو ہدایت کی ہے کہ محتاط رہیں اور جعلی اسکیموں پر کوئی توجہ نہ دیں۔