عوام نے ہمارا ساتھ دیا تو پاکستان کو خوشحال سے خوشحال تر بنائیں گے ، میاں شہباز شریف

کلر کہار(ممتاز جرنلسٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ حالیہ عدالتی فیصلے سے انہیں کوئی فرق نہیں پڑھتا ، قوم جانتی ہے اصل مجرم کون ہے، دانش سکولوں کے قیام سے صوبے میں تعلیمی انقلاب آئے گا،کسی کو صوبے میں کرپشن کی اجازت نہیں دی جائے گی ، ہماری حکومت کو مستحکم نہیں ہونے دیا گیا اگر نواز شریف کا دور ہوتا تو پاکستان کا نقشہ ہی کچھ اور ہوتا، عوام نے ہمارا ساتھ دیا تو پاکستان کو خوشحال سے خوشحال تر بنائیں گے ماہ دسمبر میں پنجاب کے ہونہار طلباء و طالبات میں دو لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیڈٹ کالج کلر کہار میں یوم والدین و تقسیم انعامات کی تقریب اور بعد ازاں تلہ گنگ اپ ڈیٹس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر مسلم لیگ ن کے راہنماء زعیم قادری،ممبر قومی اسمبلی چوہدری ایاز امیر، رکن قومی اسمبلی سردار ممتاز ٹمن، رکن پنجاب اسمبلی ملک تنویر اسلم سیتھی ، ملک ظہور انور،جنرل(ر) مجید ملک ، جنرل (ر) عبدالقیوم،مسلم لیگ(ن) کے ضلعی صدر چوہدری لیاقت،ضلعی جنرل سیکرٹری ملک خالدٹہی و دیگر بھی موجود تھے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ملک میں انصاف کا قتل عام کیا جا رہا ہے ۔

لوٹ کھسوٹ ،کرپشن کا بازار گرم ہے ۔ ملک جل رہا ہے لیکن حکمران محلات بنانے میں مصروف ہیں ۔ہم ایسے نظام کو برباد کر کے دم لیں گے۔اس موقع پر انہوں نے کلر کہار کیڈٹ کالج کے لئے چار کروڑ روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا۔قبل ازیںوزیراعلیٰ پنجاب کے کلر کہار پہنچنے پر مسلم لیگ(ن) کے کارکنوں نے انکا پر جوش استقبال کیا اور شدید نعرے بازی کی گئی۔