عوام پریشان سی این جی اور پٹرول پمپ مالکان نے بھی من پسند ریٹ مقرر کر دئیے
Posted on April 2, 2012 By Geo Urdu گجرات
گجرات: حکومت کی جانب سے عوام پر سی این جی اورپٹرول بم گرایا جانے کے بعد پٹرول پمپ مالکان نے بھی من پسند ریٹ مقرر کر دئیے ، جبکہ لوکل ٹرانسپورٹروں نے بھی 15فیصد کرایوں میں از خود اضافہ کر دیا ہے جس سے عوام سخت پریشان ہیں ، پٹرول پمپوں پر صارفین سے 105روپے 68پیسے کی بجائے 106روپے 8پیسے وصول کیے جا رہے ہیں ، جبکہ ساتھ ہی ساتھ سی این جی سٹیشنوں پر بھی سی این جی کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ہے ، جب پٹرول مالکان سے اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے بتایا کہ ہم نے اضافی ٹیکس بھی قیمتوں میں شامل کر لیا ہے جو کہ حکومت نے ہر حال میں ہم سے وصول کرنا ہوتا ہے ، قیمتوں میں اضافہ کے بعد غریب عوام سخت پریشان نظر آتی ہے ، اور عوام نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی کا طوفان برپا ہے اور خوردو نوش کی اشیاء غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہیں ، اور بجلی کے بلوں اور دیگر یوٹیلٹی بلوں میں بھی عوام سے بھاری ٹیکس وصول کیے جا رہے ہیں ، پھر بھی حکومت کا پیٹ نہیں بھر ا ، اور عوام اور ملک کا بیڑہ غرق ہو کر رہ گیا ہے ، پاکستان واحد ملک ہے جس کے حکمران عوام سے مہنگائی کے دھماکے کر کے بدلے لے رہے ہیں اور کوئی بھی محکمہ اپنی ذمہ داری احسن طریقہ سے سرانجام نہیں دے رہا ، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ ن نے عوام کو بیوقوف بنا رکھا ہے گزشتہ چار سالوں میں پاکستان کی محنت کش غریب عوام کیلئے کچھ بھی نہیں سوچا گیا ، بلکہ حکومت اقدامات سے غریب غریب سے غریب تراور امیر امیر تر ہو گیا ہے ، جبکہ مڈل کلاس کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ، حکومت کی جانب سے سارا سال بجلی ، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کر کے یہ ثابت کیا جاتا ہے کہ حکومت کسی بھی وقت کسی بھی قسم کا بجٹ پیش کر کے غریب عوام کو لوٹ سکتی ہے ۔