کراچی : (جیو ڈیسک)وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے کہا عوام کی خدمت کے لیئے سب کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں۔ کراچی ملک کی شہ رگ ہے اوراس میں امن کا قیام ہماری ترجیح ہے۔وزیراعظم راجا پرویز اشرف نے پیر پگارا سے ملاقات کے بعد کنگری ہاؤس کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیر پگارا کا شکریہ ادا کرنے آیا تھا اور مشاورت سے تمام مسئلے حل ہو جاتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا پارلیمنٹ تمام اداروں کی ماں ہے جمہوریت اور پارلیمنٹ کو مضبوط ہونا چاہیئے۔ ملک میں توانائی اور امن و امان بڑے مسائل ہیں۔
اس سے قبل کنگری ہاؤس میں پیر پگارا صبغت اللہ راشدی سے ہونے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، امن و امان اور دیگر امور پر غور کیا گیا گیا۔ پیر پگارا نے کہا کہ میرے والد نے اتحاد کیا تھا اسے برقرار رکھا جائے گا مفاہمت کی سیاست کو جاری رکھیں گے۔ وزیراعظم نے پیرپگارا کی دعوت پرظہرانے میں شرکت کی۔ ان کے ساتھ وفاقی وزرا، گورنر اور وزیر اعلی سندھ بھی موجود تھے۔ وزیراعظم نے وزارت عظمی کیلئے حمایت کرنے پر پیرپگارا کا شکریہ ادا کیا۔