ملک بھر میں عید الاضحی مذہبی عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے۔ ملک بھر میں ہزاروں سے زائد مساجد ، امام بارگاہوں ، عید گاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے روح پرور اجتماعات منعقد ہوئے جہاں پر امت مسلمہ کی خوشحالی ، اتحاد اور ترقی کی دعائیں مانگی گئیں۔ نماز عید کی ادائیگی کے بعد اللہ کی راہ میں قربانیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا جو تین روز تک جاری رہے گا۔ وفاقی دارالحکومت میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہو ا ۔ صدر آصف علی زرداری نے چیئرمین سینیٹ ، گورنرسندھ اور رحمان ملک کے ہمراہ کراچی میں نماز عید ادا کی۔ کراچی میں نماز عید کا بڑا اجتماع کلفٹن میں ہوا جہاں صدر ، وفاقی وصوبائی وزرا اور گورنر سندھ بھی شریک تھے۔ نماز کے بعد صدر وہاں موجود افراد سے عید ملے اور مبارکباد دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ سندھ میں سیلاب اور نصرت بھٹو کے انتقال کے باعث قوم عید سادگی سے منائے گی جبکہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ سیاست میں میچ فکسنگ نہ کی جائے ، عوام میچ فکسنگ کے نتائج دیکھ چکے ہیں۔ گورنرپنجاب سردار لطیف کھوسہ نے لاہور گورنرہاس میں جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب شہبازشریف سمیت دیگر رہنماں نے رائے ونڈ میں نماز عید ادا کی ۔ نوازشریف نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کارکنوں سے سندھ کے سیلاب متاثرین کو خوشیوں میں شامل رکھنے کی درخواست کی۔ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے جامعہ مسجد گنبد خضرا لاہور میں عید کی نماز پڑھی ۔مسلم لیگ ق کے سربراہ شجاعت حسین، وجاہت حسین نے گجرات اور پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے لالہ موسی میں نماز عید ادا کی۔ وزیربلدیات آغا سراج درانی اور وزیرقانون سندھ ایاز سومرو نے گڑھی خدا بخش جبکہ وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور نے پشاور میں عید کی نماز پڑھی۔ متحدہ قومی موومنٹ کے اراکین نے کراچی جناح گراونڈ میں عید کی نماز ادا کی ایم کیوایم کی رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر ز ڈاکٹر فاروق ستار ، انیس احمد قائم خانی ، رابطہ کمیٹی کے اراکین واسع جلیل ، مصطفی کمال ، اور دیگر شامل تھے ۔ بعدازاں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی ، مہنگائی بیروزگاری کے خاتمے ، سیلاب متاثرین کی بحالی ،وبائی امراض سے نجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی ۔ ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو عزیز آباد پر متحدہ کے قائدالطا ف حسین کی جانب سے قربانی کا جانور بھی ذبح کیا گیا گوٹھ نواب خان وسان میں بھی نماز عید کا بڑا اجتماع ہوا جہاں صوبائی وزیر داخلہ منظور حسین وسان اور رکن قومی اسمبلی نواب خان وسان نے عید نماز ادا کی نماز عید کے اجتماعات میں ملکی سلامتی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئی ۔ نمازعید کے اجتماعات کی سیکورٹی کیلئے ملک بھر میں وزارت داخلہ کی ہدایت پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے عید گاہوں اور مساجد کے باہر پولیس اہلکار موجود رہے۔