عیدمیلادالنبی صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کائنات کی سب سے بڑی عید ہے :علامہ اشفاق احمد صابری
Posted on January 29, 2013 By Noman Webmaster اسلام آباد
اسلام آباد(جی پی آئی)ادارہ صراط مستقیم کے رہنماعلامہ اشفاق احمدصابری نے کہا ہے کہ عیدمیلادالنبی صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم کائنات کی سب سے بڑی عید ہے تمام عالم اسلام اس عید کی خوشیوں میں شریک ہوتا ہے ۔جشن عیدمیلاد النبی صلی عیلہ اللہ وآلہ وسلم ہمیں لسانی، نسلی، قومیت و صوبائیت کے تعصبات کے خاتمہ اور بلا تفریق رنگ و نسل احترام انسانیت و مسلمان کا پیغام دیتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد فیض مدینہ میں منعقدہ میلاد مصطفےٰ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جیسے بہا ر کے موسم میں درختوں کے پتے اورپھول نکالنے کا عمل ایک طبعی عمل ہے ایسے ہی ربیع الاول میںمسلمانوں کا خوش ہو جانا اور خوشیاں منانا بھی ایک فطری عمل ہے ۔حضور نبی کریم کے اسوئہ حسنہ اور تعلیمات کو مشعل راہ بنا کر پاکستان میں اسلامی فلاحی معاشرہ قائم کیا جا سکتا ہے۔
انہوںنے کہا کہ مصائب و آلام کے گرداب میں پھنسی ہوئی انسانیت کے رنج و الم کا مداوا نظام مصطفےٰ کے عملی نفاذ میں مضمر ہے، ظلم و جبر و نا انصافی کی ستائی ہوئی انسانیت بے تابی سے مسیحا کی منتظر ہے جب تک جاگیردارانہ نظام کا خاتمہ نہیں ہو گا ملک و قوم کی تقدیر نہیں بدل سکتی۔