غزہ(جیوڈیسک)میں اسرائیلی بربریت چھٹے روز بھی جاری ہے، تازہ فضائی حملوں میں مزید چھے فلسطینی جاں بحق ہو گئے۔ شہدا کی تعداد 75 ہو گئی ہے۔ فرانس نے غزہ میں جنگ بندی کے لئے مدد کی پیشکش کر دی۔
اسرائیل کی جانب سے غزہ میں آگ اور خون کا بھیانک کھیل جا ری ہے۔ ہرطرف معصوم اور بے گناہ افراد کی لاشیں گر رہی ہیں، ہر آنکھ اشکبار ہے۔ بچوں، خواتین اور جواں سال افراد کی شہادت پر غزہ کی فضا نوحہ کناں ہے۔ اسرائیلی جارحیت کے چھٹے روز مزید 6 بے گناہ فلسطینیوں سے زندہ رہنے کا حق چھین لیا گیا۔
غزہ کی جنوبی پٹی رفاہ کے مقام پر ایک کار کو گولہ باری کا نشانہ بنا یا گیا جس میں سوار دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ رفاہ میں ایک گھر پر اسرائیلی فضائی حملے نے ساٹھ سالہ خاتون کی جان لے لی۔ تل الہوا میں دو فلسطینی، دشمن طیاروں کی بمباری کا نشانہ بنے جبکہ شمالی غزہ میں چھے سالہ بچہ فضائی حملے میں شہید ہو گیا۔
غزہ میں اسرائیلی بربریت نے گذشتہ روز 29 افراد کو لقمہ اجل بنایا جس دس بچے اور چھے خواتین شامل ہیں۔ فضائی حملوں میں سات سو سے زائد فلسطینی زخمی ہو چکے ہیں جن میں سے درجنوں کی حالت تشویشناک ہے۔ دوسری جانب فرانسیسی وزیر خاجہ نے کہا ہے کہ غزہ میں فوری جنگ بندی کی جائے تا کہ بے گناہ شہریوں کی جانیں ضائع نہ ہوں۔ فرانس کے وزیر خاجہ لورنس فیبس نے مغربی کنارے پرفلسطینی صدر محمود عباس سے ملاقات کی۔ فرانسیسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ موجودہ صورتحال خطے کے امن کے لئے خطرہ بن سکتی ہے۔