غیر ریاستی عناصر سرحد کے دونوں پار موجود ہیں، وزیر اعظم

Yousaf Raza Gilani

Yousaf Raza Gilani

لاہور : (جیو ڈیسک)وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات معمول پر لانے کے لئے انتہا پسند غیر ریاستی عناصر کی پرواہ کئے بغیر دونوں ممالک کو آگے بڑھنا ہوگاجبکہ متنازع امور کا مذاکرات کے ذریعے برابری کی بنیاد پر حل چاہتے ہیں۔ لاہور میں دوروزہ پاک بھارت اکنامک کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب میں وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بھارت سے اچھے تعلقات پاکستان کی خواہش ہے لیکن بنیادی تنازعات کا برابری کی سطح پر مذاکرات کے ذریعے حل بھی ضروری ہے۔

یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ہمیں تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے۔ پہلے ہی تلخیوں میں وقت ضائع کردیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری کا حالیہ دورہ بھارت امن کی خواہش کا ایسا آغاز ہے جسے روکا نہیں جاسکتا۔ غیر ریاستی عناصر کو امن عمل تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

اس موقع پر پاکستان میں بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھر وال نے بھارت کوتجارت کے لئے پسندیدہ ملک قراردینے اور منفی فہرست کے خاتمے کے اعلان کو سراہا۔ شرت سبھر وال بھارتی ہائی کمشنر کانفرنس سے پاکستانی اور بھارتی تاجروں کے نمائندوں نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس منگل کو اختتام پذیر ہوگی۔