اسلام آباد : (جیوڈیسک) وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے ہدایت کی ہے کہ براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیئے سرمایہ کاری کے طریقہ کار کو اسان اور پر کشش بنایا جائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مقامی سرمایہ کاروں کو مزید مراعات فراہم کی جائیں تاکہ وہ ملکی ترقی میں فعال کر دار ادا کر سکیں۔ وزیراعظم سرمایہ کاری بورڈ سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سرمایہ کاروں کے مسائل دور کر نے کے لئے سرمایہ کاری بورڈ کے اقدامات سے سرمایہ کاروں میں اعتماد کی فضاء پیدا ہو گی اور ملک میں بیرونی سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو یکساں مواقعے حاصل ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کا ری کے لئے مواقعے موجود ہیں اور انہیں مکمل قانونی تحفظ بھی حاصل ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ قدرتی وسائل کے باعث پاکستان سرمایہ کاری کے لئے جنت کی حیثیت رکھتا ہے۔ چیئر مین سرمایہ کاری بورڈ سلیم مانڈی والا اور سیکرٹری سرمایہ کاری بورڈ نے اجلاس کو سرمایہ کاروں کو فراہم کی گئی پر کشش سہولیات سے آگاہ کیا۔