ہیکرز نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے فحش اور عریاں مواد پر مبنی ویب سائٹ ڈیجیٹل پلے گراؤنڈ کو ہیک کر کے تہتر ہزار صارفین کے بارے میں معلومات حاصل کر لی ہیں۔
ہیکرز کے بقول ان معلومات میں اس ویب سائٹ پر جانے والے صارفین کے نام، ای میل ایڈریس اور پاس ورڈ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہیکرز نے ان کے کریڈٹ کارڈ نمبر اور ان کے سکیورٹی کوڈز بھی حاصل کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
یہ ویب سائٹ مینوِن نامی کمپنی چلاتی ہے اور یہ اس کمپنی کی دوسری ویب سائٹ ہے جسے ہیک کیا گیا ہے۔ ہیکنگ کا دعویٰ دی کنسورشیم نامی ہیکرز نے کیا ہے جو زیادہ مشہور نہیں ہیں۔
مینون کمپنی اس واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ سائبر حملے کے بعد یہ ویب سائٹ نئے ممبران قبول نہیں کر رہی اور سائٹ کا وہ حصہ جو ممبران کے لیے مختص ہوتا ہے اسے آف لائن کر دیا گیا ہے۔
دی کنسورشیم نے ہیک کی گئی معلومات میں سے کچھ ویب پر جاری بھی کی ہیں۔ ہیکرز کا کہنا ہے کہ اس سائٹ کی سکیورٹی بہت کمزور تھی جس کے باعث اسے ہیک کیا گیا۔
دی کنسورشیم نے انٹرنیٹ پر شائع کیے گئے ایک پیغام میں کہا ہے کہ ’اس سائٹ کی سکیورٹی اتنی کمزور تھی کہ اگر ہمیں معلوم نہیں ہوتا کہ یہ اصل سکیورٹی ہے تو ہم اسے ایک مذاق سمجھتے‘۔
ڈیجیٹل پلے گراؤنڈ کے پروڈیوسر کیلیفورنیا میں مقیم ہیں لیکن اس کا انتظام کینیڈا کی کمپنی مینون کے پاس ہے۔