فرانس، یہودی سکول پر حملے میں چار ہلاک

Toulouse

Toulouse

فرانس کے شہر تولوز میں یہودیوں کے ایک سکول پر ایک نا معلوم بندوق بردار کی اندھا دھند فائرنگ سے چار افراد ہلاک اور دو زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں تین طالبم علم اور ایک استاد شامل ہے۔

یہ واقعہ شہر کے شمال مشرق میں اوزار میں ہیٹروش کے سامنے واقع سکول میں پیش آيا ہے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حملہ آور ایک کالے رنگ کے سکوٹر پر سوار تھا اور پولیس اسے تلاش کر رہی ہے۔

اس سے پہلے اسی علاقے میں ایک سکوٹر سوار نےگولی چلا کر تین فوجیوں کر ہلاک کر دیا تھا اور یہ حملہ اس کے چند روز بعد ہی پیش آیا ہے۔

فرانس کے صدر نکولس سرکوزی ، وزیرتعلیم اور وزیر داخلہ علاقے کے دورے پر ہیں۔
یہودیوں کے سرکردہ مذہبی رہنما جیلیس برنہم کا کہنا ہے کہ یہ بہت ہی خوفناک واقعہ ہے جس سے انہیں صدمہ پہنچا ہے۔ وہ بھی متاثرہ علاقے کے دورہ پر نکلے ہیں۔

اسرائیل نے بھی اس واقعے پر افسوس ظاہر کیا ہے اور کہا ہے کہ اسے امید ہے کہ ’فرانس اس الیمہ کے تمام پہلوؤں پر روشنی ڈالےگا اور جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو انجام تک پہنچائےگا۔‘

مقامی لوگ اسے فوجیوں پر حملے سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں۔ جن تین فوجیوں کو ہلاک کیا گیا تھا وہ سب افریقی نژاد تھے۔

اس حملے کی تفتیش کے لیے ساٹھ سے زائد پولیس آفیسر کو مقرر کیا گیا ہے اور وہ سب حملہ آور کی تلاش میں ہیں۔