فرانس: (جیو ڈیسک) فرانس میں صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں اتوار کو ووٹ ڈالے جا رہے ہیں۔ صدر کے عہدے کے لیے موجودہ صدر نکولس سرکوزی اور سوشلسٹ امیدوار فرانسوا اولاند کے مابین مقابلہ ہے۔
پہلے مرحلے میں سوشلسٹ فرانسوا اولاند کو اٹھائیس اعشاریہ چھ فیصد ووٹ ملے تھے جبکہ موجودہ صدر نکولس سرکوزی نے چھبیس اعشاریہ دو فیصد ووٹ حاصل کیے تھے۔اور سنہ انیس سو اٹھاسی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ فرانس میں سوشلسٹ صدر کے برسرِاقتدار آنے کا امکان پیدا ہوا ہے۔ بڑھتی ہوئی بے روزگاری اور اقتصادی بحران ہی اس انتخابی مہم کے اہم موضوعات رہے۔
یورو زون قرض معاہدے میں پیش پیش رہنے والے نکولس سرکوزی کا کہنا ہے کہ انہوں نے کساد بازاری کا راستہ روکا ہے اور وہ ایک مضبوط فرانس کا تحفظ کریں گے جبکہ ان کے مخالف فرانسوا اولاند کے مطابق ملک اس وقت بڑے بحران کا شکار ہے اور اسے تبدیلی کی ضرورت ہے۔ صدارتی انتخاب کے دوسرے مرحلے میں فرانس کے بیشتر علاقوں اور کورسیکا میں مقامی وقت کے مطابق پولنگ صبح آٹھ بجے سے چھ بجے شام تک جاری رہے گی جبکہ بڑے شہروں میں ووٹنگ مراکز مزید دو گھنٹے کھلے رہیں گے۔ دونوں صدارتی امیدواروں نے جمعہ تک اپنی انتخابی مہم چلائی اور اس دوران انہوں نے بدھ کو ایک ٹی وی مباحثے میں بھی شرکت کی جسے ایک اندازے کے مطابق ڈیڑھ کروڑ سے زائد افراد نے براہِ راست دیکھا۔
اس الیکشن کے لیے فیورٹ سمجھے جانے والے فرانسوا اولاند کا کہنا ہے کہ ووٹنگ کے دن ووٹ ڈالنے کی شرح نتائج پر اثر انداز ہو سکتی ہے جبکہ نکولس سرکوزی کے مطابق آج تک فرانس میں کوئی الیکشن اتنا غیریقینی نہیں رہا ہے۔
فرانس میں اس صدارتی انتخاب کے بعد جون میں پارلیمانی انتخابات بھی ہونے ہیں۔