واشنگٹن (جیوڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے کافی غور وخوض کے بعد آخر کار رواں سال فروری کے آخر میں دوبارہ ملاقات کا اعلان کر دیا ہے۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امریکی صدارتی دفتر وائٹ ہائوس کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کے سربراہان فروری کے آخر میں ملاقات کریں گے۔
ملاقات کا اعلان ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب امریکی حکام نے شمالی کوریا کے سینیر مذاکرات کار کم جونگ چول سے ملاقات کی تھی۔ کم جونگ چول شمالی کوریا کی طرف سے جوہری پروگرام کے مذاکرات کار مقرر کیے گئے ہیں۔ وہ حال ہی میں انٹیلی جنس چیف سمیت امریکا کے دورے پر واشنگٹن پہنچے تھے۔
خیال رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان کے درمیان پہلی ملاقات گزشتہ برس اس وقت ہوئی تھی جب شمالی کوریا نے اپنے ایٹمی پروگرام سے دست برداری کا اعلان کیا تھا۔ دونوں رہ نمائوں کے درمیان ملاقات کے بعد کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوسکی بلکہ دونوں ملکوں کے درمیان گرم جوشی کے بجائے سرد مہری کی کیفیت دیکھی گئی۔
وائٹ ہائوس خاتون ترجمان سارہ سینڈرز نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی صدر اور شمالی کوریا کے مذاکرات کار کیم جونگ چول کے درمیان ڈیڑھ گھنٹہ بات چیت جاری رہی۔ اس بات چیت میں شمالی کوریا کو جوہری پروگرام سے دست بردار کرنے پر بات چیت کی گئی۔ اس ملاقات میں طے پایا کہ دونوں ملکوں کے سربراہان فروری کے آخر میں ملاقات کریں گے۔