قاہرہ (جیوڈیسک) قاہرہ ترک وزیر اعظم رجب طیب اردوگان نے قاہرہ یونیورسٹی سے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ غزہ میں غیر انسانی طریقے سے شہید کئے جانے والے فلسطینی بچوں کے قاتلوں سے جلد یا بدیر حساب ضرور لیا جائے گا۔ ترک وزیر اعظم اپنے ملک کے تاجروں اور نمائندہ افراد کے ایک بڑے وفد کے ہمراہ قاہرہ پہنچے تھے۔ اس دورے کا مقصد دونوں برادر ملکوں کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
اردوگان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں نے کبھی اپنا سر نہیں جھکایا اور نہ ہی وہ کبھی آئندہ ایسا کریں گے۔ ترک رہنما نے ہفتے کے روز مصری صدر ڈاکٹر محمد مرسی سے بھی ملاقات کی۔ قاہرہ آمد سے قبل انقرہ ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسرائیل اپنے 3 شہریوں کی ہلاکت کا واویلا عالمی ذرائع ابلاغ میں کر رہا ہیم اسی نے خود جنگ بندی معاہدے کی خلاف وزری کی اور اب خود ہی جنگ بندی کی رٹ لگا رہا ہے۔