پاکستان (جیوڈیسک) فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف ملک بھر میں مظاہرے کئے گئے، مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کے لئے اوآئی سی کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔ کراچی میں فلسطین فاونڈیشن پاکستان کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں مذہبی اورسیاسی جماعتوں کے رہنماں نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ انسانی حقوق کے چیمپئن امریکہ کو اسرائیلی جارحیت نظرکیوں نہیں آتی۔
غزہ پراسرائیل کی وحشیانہ بمباری کے خلاف لاہورمیں سنی تحریک، انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن، شباب ملی، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ دن بھر جاری رہا۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شباب ملی کے صدر عتیق الرحمن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت فوری طور پرختم نہ ہوئی تو امریکی سفارتخانوں کا گھیراکیا جائے گا۔ مظاہروں کے دوران امریکی قونصلیٹ کی طرف جانے والے تمام راستے بند کر دئیے گئے۔
ملتان کے نواں شہرچوک میں ن لیگ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے اسرائیل اورامریکا کے پرچم بھی جلائے۔ ملتان میں ہی اتحاد بین المسلمین کی جانب سے فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف دہلی گیٹ سے ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ فلسطین پر اسرائیل کے حملے رکوانے کیلئے او آئی سی کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے۔