فلم کی کامیابی، اجمیر میں دعاں پر اعتراض

ajmer sharif

ajmer sharif

فلمی ستارے اپنی فلم کی کامیابی کے لیے اکثر درگاہ کی زیارت کرتے ہیں

بھارت کے شہر اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ کے سجادہ نشین نے فلمی اداکاروں اور ہدایت کاروں کی طرف سے اپنی فلم کی کامیابی کے لیے درگاہ پر حاضری دینے کی روایت پر جو اعتراض کیا تھا اس کا کوئی اثر نہیں پڑا ہے۔

سجادہ نشین زین العابدین نے فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد سے کہا تھا کہ وہ اپنی فلم کی کامیابی کے لیے درگاہ کی زیارت اور دعا نہ کیا کریں کیونکہ یہ غیر اسلامی عمل ہے۔

زین العابدین درگاہ کے دیوان اور سجادہ نشین ہیں لیکن ان کی اپیل کے بعد بھی یہ سلسلہ جاری ہے اور بدھ کو اداکارہ کترینہ کیف نے درگاہ کی زیارت اور اپنی آنے والی فلم کی کامیابی کے لیے دعا کی۔

بدھ کو زین العابدین نے کہا میں نے اس پر پابندی کی بات نہیں کی تھی بلکہ یہ کہا تھا کہ ایسا کرنا غلط ہے کیونکہ آج کل جیسی فلمیں اور ڈرامے بن رہے ہیں وہ فحاشی سے بھر پور ہیں۔

واضح رہے کہ کترینہ کیف سے پہلے معروف پروڈیوسر ایکتا کپور اپنی فلم کیا سپر کول ہیں ہم کے لیے آئی تھیں۔

انہوں نے درگاہ پر فلم کی کامیابی کے لیے دعا مانگی تھی جس سے سجادہ نشین بہت ناراض ہوئے تھے۔

ان کا کہنا ہے میں اب بھی کہتا ہوں کہ اس طرح کی فلموں کی تشہیر کے لیے درگاہ آنا درست نہیں ہے۔ ایکتا کی اس فلم میں ایک کتے کا نام فخرالدین ہے اور مجھے اس پر بھی اعتراض ہے۔ فلم کا نام دیکھیے کیا سوپر کول ہیں ہم یہ صرف مذہب اسلام کی بات نہیں ہے سبھی مذاہب کا معاملہ ہے کہ فلموں میں فحاشی نہیں ہونی چاہیے۔

درگاہ کے دیوان کے اس بیان سے درگاہ کے دوسرے خادم خوش نہیں ہیں اور انہوں نے ان پر اعتراض کیا ہے۔

خادموں کی انجمن کے سابق سیکرٹری سرور چشتی کہتے ہیں یہ درگاہ دیوان کون ہیں؟، ان کی اس معاملے میں کیا حیثیت ہے؟۔ زیارت کرانا ایک خادم کا کام اور حق ہے۔ دراصل یہ صاحب میڈیا کی سرخیوں میں رہنے کے لیے ایسے بیان دیتے رہتے ہیں جس پر کوئی توجہ نہیں دیتا ہے۔

زین العابدین کے بیان کا اثر کترینہ کیف پر بھی نہیں پڑا اور ان کے اعتراض کے بعد وہ پہلی اداکارہ ہیں جنہوں نے بدھ کو درگاہ کی زیارت کی ہے۔

کترینہ کیف بھیڑ سے بچنے کے لیے صبح سو یرے درگاہ پہنچیں اور اپنی فلم کی کامیابی کے لیے دعا کی۔

اطلاعات کے مطابق کترینہ اس بار شلوار قمیض میں آئی تھیں کیونکہ اس سے پہلے ایک بار جب وہ فلمی ڈریس میں درگاہ پر آئی تھیں تو ان کے لباس پر کافی ہنگامہ ہوا تھا۔

اس وقت کترینہ سکرٹ میں تھیں اور ان کے پہنچنے پر درگاہ کے آس پاس ان کے مداحوں کی بھیڑ لگ گئی تھی۔