گوجر خان (جیوڈیسک)گوجر خان وزیراعظم راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ماضی میں شب خون مارنے سے ملک کمزور ہوا تاہم اب فوج اور عدلیہ سمیت تمام ادارے جمہوریت پر متفق ہیں، انقلاب ایک ،پانچ یادس سال میں نہیں آتا،کئی سال لگتے ہیں۔وزیراعظم راجا پرویز اشرف گوجرخان بار ایسوسی ایشن کے نو منتخب عہدے داروں کی تقریب حلف برداری سے اسلام آباد میں خطاب کر رہے تھے۔
وفاقی وزیرقانون فاروق ایچ نائیک نے بار کے عہدے داروں حلف لیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ سب کی ایک ہی سوچ ہے کہ ملک میں جمہوریت ہونی چاہیئے،پاکستان میں بھی انقلاب آرہاہے تاہم یہ ابھی ارتقائی عمل سے گزر رہاہے، مفاہمت کی پالیسی کے باعث پاکستان میں جمہوری حکومت پہلی بار5 سال مکمل کر رہی ہے ،اب چند ہفتوں میں انتخابات ہونے جارہے ہیں۔
تقریب میں وزیراعظم سے سوال کیاگیاکہ آئین کے تحت تمام ادارے مضبوط اورپارلے منٹ کمزور ہوگئی ہے،کیا یہ جمہوریت کی مضبوطی ہے؟ اس پر وزیراعظم نے کہاکہ وہ پھر کہتے ہیں کہ ہرادارہ اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کرکام کرے،اسی میں سب کی عزت اورملک کی بہتری ہے۔