قندھار: امریکی فوج کے سربراہ ایڈمرل مائیک مولن نے کہاہے کہ مالی خسارے کے باعث امریکا کے دیوالیہ ہونے کا خدشہ ہے، افغانستان میں فوجیوں کو تنخواہوں کی ادائگی میں تاخیر ہوسکتی ہے۔ اچانک افغانستان کے دورے پر پہنچنے کے بعد قندھار میں امریکی فوج سے خطاب کرتے ہوئے امریکی فوج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا کہنا تھا اوباما انتظامیہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچانے کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔ تاہم مالی بحران کے باعث افغانستان میں متعین امریکی فوج کا تنخواہیں وقت پر دینے کے متعلق غیر یقینی کی صورتحال ہے۔ ری پبلکن اور ڈیموکریٹس میں قرضے کی حد بڑھانے کے مسئلے پر اختلافات کے باعث امریکا میں مالی بحران بڑھتا جارہا ہے۔ اور دو اگست سے پہلے قرضے لینے کی حد نہیں بڑھائی گئی تو امریکا دیوالیہ ہوجائیگا۔