ماسکو (جیوڈیسک) فٹ بال ورلڈ کپ کے ایک بڑے اپ سیٹ میں میکسیکو نے دفاعی چیمپئن جرمنی کو شکست دے دی۔
روس میں جاری فیفا ورلڈ کپ 2018ء کے ایک اہم میچ میں دفاعی چیمپین جرمنی اور میکسیکو کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں۔ دونوں کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہوا تاہم میچ کے دوران پہلے ہاف میں ہی میکسیکو کے ہرونگ لوزانو نے گول کرکے اپنی ٹیم کو جرمنی پر سبقت دلادی۔
دوسرے ہاف میں جرمنی کی ٹیم نے گول کرنے اور اس برتری کو برابر کرنے کی ہرممکن کوشش کی تاہم میکسیکو کے کھلاڑیوں نے جرمنی کے جارحانہ وار ناکام بنادیے۔ جرمنی کی ٹیم آخری وقت تک گول کرنے کی تگ و دو میں رہی تاہم میکسیکن کھلاڑی ان کے ارادوں کے آگے ڈھال بنے رہے اور فتح اپنے نام کرلی۔
واضح رہے کہ جرمنی فٹ بال ورلڈ کپ کا چار بار فاتح رہ چکا ہے اور امید کی جارہی ہے کہ پانچویں بار بھی یہ تاج جرمنی اپنے سر سجائے تاہم اس میچ کی شکست نے جرمنی کی ٹیم کی کمزوریوں کو واضح کردیا ہے۔
دریں اثنا آج ہی کھیلے گئے ایک اور میچ میں سربیا کی ٹیم نے کوسٹاریکا کی ٹیم کو ایک گول سے شکست دے دی۔