فیصل آباد (جیوڈیسک)بھارتی پنجاب کی کبڈی ٹیم ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لئے پاکستان پہنچ گئی ہے اور ان دنوں فیصل آباد میں پریکٹس میں مصروف ہے۔
فیصل آباد میں دوسرے سالانہ کمشنر گولڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ کے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور بھارتی پنجاب کی خالصہ کبڈی کلب کی ٹیم نے پریکٹس میں حصہ لیا۔
بھارتی کبڈی ٹیم میں چھ آفیشلز اور 15کھلاڑی شامل ہیں جو پاکستان میں سیکیورٹی کے انتظامات اور دوستی کے ماحول سے مطمئن دکھائی دے رہے ہیں۔
اقبال سٹیڈیم فیصل آباد میں کبڈی کا میدان لگے گا۔ پاک بھارت کبڈی کا یہ ٹاکرا 11جنوری سے شروع ہو گا جس کے لئے پاک پنجاب کی کبڈی ٹیم کی تیاریاں بھی زوروں پر ہیں۔ کمشنر فیصل آباد خود کبڈی کے مقابلوں کے تمام انتظامات کا جائزہ لے رہے ہیں۔