فیصل آباد : خود سوزی کرنے والے طالب علم کی تدفین کر دی گئی

faisalabad

faisalabad

فیصل آباد : (جیو ڈیسک) اسکول ہیڈ ماسٹر کے مبینہ نارواسلوک سے دلبرداشتہ ہو کر خود کو آگ لگانے والے چھٹی جماعت کے طالبعلم کی تدفین کر دی گئی۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز فیصل آباد میں اسکول ہیڈ ماسٹر کے مبینہ ناروا سلوک سے دلبرداشتہ ہو کر چھٹی جماعت کے 13 سالہ طالبعلم عمر نے خود کو آگ لگا لی تھی جسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، تاہم ڈاکٹروں کے مطابق بچے کے جسم کا 80 فیصد حصہ جل چکا تھا اور اس کے بچنے کے امکانات انتہائی کم تھے۔

کئی گھنٹے زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد فیصل آباد کے ایم سی ہائی اسکول میں چھٹی جماعت کا طالبعلم عمر بالآخر رات اسپتال میں دم توڑ گیا جس کے انتقال کی خبر سن کر اس کی ماں صدمے سے بے ہوش ہو گئی جبکہ والد پہلے ہی آئی سی یو میں داخل ہیں۔ طالب علم عمر کی نمازجنازہ آج صبح ادا کی گئی جس میں لواحقین اور محلے کے عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی جس کے بعد اس کی مقامی قبرستان میں تدفین کر دی گئی۔ اس موقع پر ہر آنکھ اشکبار نظر آئی۔