فیصل آباد : علماء ومعصوم طلباء کی شہادت کے خلاف آج جمعہ کے موقع پر احتجاج کریں گے
Posted on November 22, 2013 By Majid Khan سٹی نیوز
فیصل آباد : وفاق المدارس العربیہ فیصل آباد سانحہ راولپنڈی اور ہنگو میں امریکی ڈرون حملے میں علماء ومعصوم طلباء کی شہادت کے خلاف آج جمعہ کے موقع پر احتجاج کرے گا۔ وفاق کے رہنماؤں مفتی نذیر شاہ بخاری، قاری محمد یاسین، مفتی محمد طیب ،مولانا محمد یوسف اول، مولانا حبیب الرحمن لدھیانوی ودیگر نے تمام خطبائ، علماء اور مدارس سے عقیدت رکھنے والے مکاتب فکر سے اپیل کی ہے کہ وہ شہر کی پرامن فضا کو قائم رکھتے ہوئے خطبات جمعہ میں فرقہ وارانہ فسادات کی خواہش رکھنے والے شرپسندوں کی مذمت کریں۔ وفاق المدارس کے رہنماؤں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سانحہ راولپنڈی میں ملوث شرپسندوں کو عبرتناک سزا دی جائے۔
ہنگو میں ڈرون حملے کے بعدتمام محب وطن پاکستانیوں کے دلی مطالبہ کو پورا کرتے ہوئے فوری طور پر امریکی ڈرون کو مار گرایا جائے۔ انہوں نے کہا اس ملک کے دشمن وہی ہیں جن کی پناہ گاہیں دوسرے ممالک میں ہیں۔مگر مساجد ، مدارس وخانقاہیںپاکستان میں ہیں اور یہیں رہیں گی۔ اس سے وابستہ دینی طبقہ اور اہل مدارس بھی یہیں رہیں گے۔ لہٰذا پاکستان کا امن سب سے زیادہ ہمیں عزیز ہے۔ انہوں نے کہا خطباء جمعہ کے خطاب میں ان واقعات کی سخت مذمت کریں اور عوام کو پرامن رہنے کی تلقین کریں۔اگر حکومت نے سنجیدگی نہ دکھائی اور اہلسنت والجماعت دیوبند مسلک سے انصاف نہ کیا تو سڑکوں پر آکر سخت احتجاج بھی کریں گے۔
انہوں نے کہا پاکستان میں مارکیٹیں جلانے والے، مساجد، مدارس اور عبادتگاہوں پر حملے کرنے والے کبھی اسلام اور پاکستان کے خیر خواہ نہیں ہوسکتے۔ مسلح جلوسوں پر پابندی سے ہی اس ملک میں امن قائم ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا سیکولر طبقہ اور ہر وقت مدارس کے خلاف زہراگلنے والے بتائیں کہ مدارس پر حملہ کرنے والے کون ہیں؟ انہوں نے کہا ہمیشہ غٰیر ملکی طاقتوں کے ایجنٹوں نے احتجاج کی آڑ میں ملک میں توڑ پھوڑ کی ہے جبکہ محب وطن مدارس کے طلباء واساتذہ نے اپنے خلاف ظلم پر احتجاج کے دوران کبھی بھی قانون ہاتھ میں نہیں لیا اور لاکھوں کے مجمع کے باوجود کبھی ایک شیشہ بھی نہیں ٹوٹا۔
ترجمان۔وفاق المدارس العربیہ فیصل آباد برائے رابطہ:0300-6645306
by Majid Khan
Nasir Mehmood - Chief Editor at GeoURDU.com